ہنوئی : ایشین بیچ گیمز کبڈی میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 30-28پوائنٹس سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔
پاکستان نے ایشین بیچ گیمز مینز کبڈی ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا، پاکستان نے فیصلہ کن معرکے میں روایتی حریف بھارت کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 30-28 پوائنٹس سے زیر کر کے ملک کیلئے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
منگل کو ویتنام میں جاری میگا گیمز کے مینز کبڈی ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش تھا، پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم کو زبردست مقابلے کے بعد 30-28 پوائنٹس سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے پاکستان کا ساتھ دیا اور اس نے بھارت کو صرف 2 پوائنٹس کے فرق سے زیر کر کے نہ صرف طلائی تمغہ اپنے نام کیا بلکہ انٹرنیشنل سطح پر ملک و قوم کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا۔
پہلے ہاف میں پاکستان کو بھارت کے خلاف 16-11پوائنٹس سے برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا جس میں پاکستان نے 14 اور بھارت نے 17 پوائنٹس سکور کئے، اسطرح پاکستان نے مجموعی طور پر 30-28 کی برتری سے میچ جیت کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ سماء