سکھر،ٹھیڑی بائی پاس کے قریب حادثہ،ہلاکتوں کی تعداد56ہوگئی
اسٹاف رپورٹ
سکھر : سکھر میں ٹھیڑی بائی پاس کے قریب بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا، حادثے میں 56 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ بیشتر مسافر بس میں آگ لگنے سے چل بسے۔ سکھر اور خیرپور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
خوفناک حادثہ کئی زندگیوں کے چراغ گل کرگیا، کسے معلوم تھا کہ سوات سے کراچی جانے والی بس کے مسافروں کا یہ سفر آخری ثابت ہوگا، بدقسمت بس مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی جونہی سکھر میں ٹھیڑی بائی پاس پہنچی تو مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکراگئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں، حادثے کے بعد بس میں آگ لگ گئی تھی، جلنے کے باعث بیشتر مسافر جھلس کر جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، زخمیوں اور جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
لاشوں اور زخمیوں کو سکھر اور خیر پور کے سول اسپتال منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی، کئی کی حالت نازک ہے، حادثے کے بعد لاشیں اور زخمی بس میں پھنس گئے تھے، جنہیں ریسکیو عملے اور علاقے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا، قومی شاہراہ زیر تعمیر ہونے کے باعث ریسکیو اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سماء