خار / لنڈی کوتل : مہمند اور باجوڑ ایجنسیز میں قائم پاک فوج کی چوکیوں پر افغان دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا،پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہتھیار چھوڑ کر واپس فرار ہوگئے۔
ترجمان ایف سی کے مطابق مہمند اور باجوڑ ایجنسی میں سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملے پاک فوج نے ناکام بنا دیئے، ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں کے بھاری ہتھیاروں سے فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کیے گئے۔

ترجمان فرنٹیئر کور کا کہنا ہے کہ پاک فورسز کی مؤثر کارروائی سے حملے پسپا اور دہشت گرد واپس بھاگنے پر مجبور ہوگئے، دہشت گردوں نے مہمند میں سلالہ ٹاپ، ولئی اور بیزئی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
ترجمان فرنٹیئر کور نے بتایا کہ باجوڑ ایجنسی میں سلیم ٹو چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی، افغان دہشت گرد اسنائپرز نے جدید ہتھیاروں سے پوسٹ کو نشانہ بنایا، تاہم جوابی کارروائی میں وہ بھاگ نکلے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سرحد پار افغان دہشت گرد متعدد بزدلانہ کارروائیوں میں پاک فوج کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرچکے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے متعدد بار بارڈر مینجمنٹ اور سرحد پار دہشت گردی پر افغان حکومت کی جانب سے معاملہ اٹھایا گیا ہے، تاہم اپنے گریبان میں جھاکنے کے بجائے افغان حکومت نے الٹا پاکستان پر الزامات کی بارش کرکے بھارت کے ساتھ ہزرہ سرائی کی ہے۔ سماء