کوئٹہ : ڈسٹرکٹ خضدار میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، مہم کے دوران 140872 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق خضدار میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، کمشنر قلات ڈویژن کا کہنا ہے کہ پولیو ایک مہلک مرض ہے، بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں کوتاہی ایک قومی جرم تصور ہوگا۔

اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر محمد مراد مینگل،ایس ایس پی خضدار محمد اشرف جتک ،ضلعی منتظم صحت ڈاکٹر محمد انور ریکی ،ڈاکٹر شفیع دانش ،میڈیکل سپرنٹنڈٹ ڈاکٹر محمد اسماعیل باجوئی بھی موجود تھے، ضلعی منتظم صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے 40یونین کونسلوں میں 140872بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلوانے کا ہدف مقرر ہے جب کہ ضلع بھر میں انسداد پولیو کے لیئے 390 گشتی 24 فکسڈ8ٹرانزٹ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا کہ پولیو ایک مہلک مرض ہے اور ہماری آنے والی نسلوں کا دشمن ہے اس مرض کا شکار بچے زندگی بھر اپاہج ہوکر اپنے خاندان اور معاشرے پر بوجھ بن جاتے ہیں، صحت مند معاشرے کی تشکیل میں صحت مند افراد کا ہونا لازمی ہوتا ہے اگر ہم نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں کوتاہی برتی تو یہ ایک قومی جرم تصور ہوگا۔
انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو سختی سے تاکید کی کہ وہ پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلانے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ ہو، پولیو ٹیموں کو یہ بھی ہدایت کی جائے اور خود بھی علاقوں کا دورہ کریں مقامی افراد خصوصا منتخب بلدیاتی نمائدوں ،علماءکرام اور عمائدین سے قریبی روابط رکھیں اور ان کا تعاون بھی حاصل کریں۔

دریں اثناءچیئرمین میونسپل کمیٹی نال میر خالد بزنجو نے کہا ہے کہ تحصیل نال میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا میں خود نگرانی کر رہاہوں پورے تحصیل میں پولیو کی ٹیمیں گھر گھر جاکر انسداد پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا آغاز کردیا ہے، جب کہ نال کے تمام عمائدین بلدیاتی اداروں نے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو کی ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔ سماء