اسلام آباد : ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے مختلف جامعات میں چلنے والے 31 پی ایچ ڈی اور 26 ایم فل پروگرامز بند کردیئے۔ ایچ ای س کے مطابق جامعات کی جانب سے مقاصد کے حصول کی ناکامی پر یہ پروگرامز بند کیے گئے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرپرسن ڈاکڑ مختار احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ ایچ ای سی بہتر اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ہمیشہ سرگرم رہتی ہے، تاہم ان اصولوں پر کاربند نہ رہنے والی جامعات کے خلاف کارروائی بھی کی جاتی ہے۔
چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی آرڈیننس میں تبدیلی اور بہترین لانے کیلئے بھی کام کیا جا رہا ہے، اپنے حالیہ مختلف سرکاری اور نجی جامعات کے دوروں سے متعلق چیئرپرسن ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ غیر معیاری ریسرچ اور تعلیم کے بعد 56 پی ایچ ڈی اور دس ایم فل پروگرامز کو بند کردیا گیا ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے مختلف جامعات کی نگرانی اور ان کے معیار سے متعلق بھی جانچ پڑتال جاری ہے، نئی رپورٹ کے مطابق 21 ایم فل، جب کہ 195 پی ایچ ڈیز میں مختلف خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ایچ ای سی ذرائع کے مطابق اقرا نیشنل یونی ورسٹی پشاور، یونی ورسٹی آف ایگری کلچر فیصل آباد، بہاؤالدین ذکریا یونی ورسٹی ملتان، بیکن ہاؤس نیشنل یونی ورسٹی لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونی ورسٹی اسلام آباد سمیت مختلف جامعات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کو بند کردیا گیا ہے۔ سماء