رائے ونڈ مارچ، پولیس، انتظامیہ اور پی ٹی آئی میں معاملات طے
لاہور : رائے ونڈ مارچ کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، اسٹيج کی تياری اور شرکاء کی سيکيورٹی کیلئے بھی پی ٹی آئی اور ضلعی انتظاميہ نے پلان ترتيب دے ديا ہے۔
رائے ونڈ مارچ کیلئے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے درمیان انتظامی امور پر اتفاق ہوگیا، رائے ونڈ روڈ پر اڈا پلاٹ سے کچھ آگے اسٹيج بنے گا، شريف خاندان کی رہائشگاہ کی طرف جانیوالے راستے پر کنٹينر لگيں گے، مردوں اور خواتين کیلئے الگ الگ پنڈال ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حيدر اشرف کے مطابق 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے جبکہ ضرورت پڑنے پر لاء انفورسمنٹ مینجمنٹ ایجنسیوں کو بلایا جاسکتا ہے۔
ڈی سی او لاہور محمد عثمان کا کہنا ہے کہ رائے ونڈ مارچ کے دوران انتظامیہ اپنے کیمپ لگائے گی، متبادل راستے اور فیلڈ اسپتال بھی بنائے جائیں گے، ریسکیو کیلئے الگ سے جگہ مختص ہوگی۔
تحريک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچ سمجھ کر اڈا پلاٹ کا انتخاب کيا، اميد ہے حکومت قافلوں کی آمد ميں رکاوٹ نہيں ڈالے گی۔
رائے ونڈ مارچ کے دوران عمران خان کی آمد کیلئے ہيلی پيڈ بھی بنے گا اور اسٹيج تک آنے کا راستہ الگ ہوگا۔ سماء