حکمران خاندان احتساب سے فرار چاہتا ہے، عمران خان
اسلام آباد : پی ٹی آئی سربراہ کہتے ہیں ذاتی مفادات پس پشت ڈال کر متحد ہونے کا وقت آن پہنچا، رائے ونڈ کی جانب تاریخی مارچ کرینگے، حکمران خاندان احتساب سے فرار چاہتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 30 ستمبر کو رائے ونڈ کی جانب تاریخی مارچ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران کسی بھی مہذب، جمہوری اقدار پر یقین نہیں رکھتے، شریف خاندان احتساب سے فرار چاہتا ہے، رائیونڈ میں قوم کی ترجمانی کریں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ شریف خاندان سے لوٹ مار کا حساب مانگیں گے، ذاتی مفادات پس پشت ڈال کر متحد ہونے کا وقت آن پہنچا، فیصلہ کن صف بندی کا وقت آگیا ہے۔
کپتان بولے کہ حکومتی ہتھکنڈوں سے نمٹنے کیلئے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے، کل کو محفوظ اور توانا بنانے کیلئے آج کو قربان کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 24 ستمبر سے رائے ونڈ مارچ کی تیاریوں کا اعلان کیا تھا جبکہ مارچ 30 ستمبر کو رائے ونڈ پہنچے گا، وہ نواز شریف اور ان کے خاندان سمیت پاناما لیکس میں آنے والے تمام بڑے ناموں سے کرپشن اور بیرون ملک رقوم بھجوانے سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ سماء