پاکستان افغانستان کادہشتگردی اورانتہاپسندی کیخلاف ملکرنمٹنےکااعلان

ویب ایڈیٹر:


اسلام آباد  :   پاکستان اور افغانستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مل کر نمٹیں گے، دونوں ممالک کی جانب سے درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور ان کیلئے مربوط مشترکہ حکمت عملی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم ہاؤس کا دورہ کیا، اس موقع پر نو منتخب افغان صدر اشرف غنی کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر دیا گیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات شروع ہوئی، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونےدیں گے، دونوں رہنماؤں کی جانب سے ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی کیخلاف ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

ملاقات میں وزیراعظم نے اشرف غنی کو افغانستان کی قیادت سنبھالنے پر مبارک با دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے موجودہ دور میں افغانستان مشکل حالات سے نکل آئے گا، پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد ميں ہے۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ افغان صدر اشرف غنی کیلئے پاکستان دوسرا گھر ہے، اشرف غنی نے ماضی میں بھی افغانستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، پرامن انتقال اقتدار کی منتقلی پر افغان عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخ کے اہم موڑ پر اشرف غنی نے افغانستان کی قیادت سنبھالی ہے، مستحکم افغانستان کیلئے افغان حکومت سے تعاون جاری رہے گا، پاکستان اور افغانستان کا امن اور سلامتی ایک دوسرے سے منسلک ہیں، افغانستان کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی اور انتہا پسندی سے مل کر نمٹیں گے، دونوں ممالک کو مشترکہ طور پر سیکیورٹی چیلجنز کا سامنا ہے۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان اور افغانستان مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کے حامل ہیں، افغانستان کی تعمیر نو میں پاکستان بھرپور کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں افغان صدر نے پاکستان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا دکھ درد ایک ہے، دہشت گردی کی نذر ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے۔ اشرف غنی نے کہا کہ یہ تاریخی موقع ہے کہ ہمیں تعلقات کی بحالی کا موقع ملا، تیرہ سال کی تجارتی رکاؤٹیں دو روز میں دور ہوگئی ہیں۔

افغان صدر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ميں جمہوری عمل کا تسلسل چاہتے ہیں، پُرامن افغانستان کیلئے پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، تعلقات کی بحالی کا موقع ملنا تاریخی موقع ہے، شاندار مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکر گزار ہوں، دونوں ملکوں نے امن، استحکام اور ترقی کیلئے راہیں متعین کر دی ہیں۔

اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو دورہ افغانستان کی دعوت بھی دی، مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے، وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی، پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور افغان وزیر خزانہ نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ سماء

female

کیخلاف

OGRA

Tabool ads will show in this div