افغانستان میں بڑھتا بھارتی عمل دخل پاکستان اور خطے کیلئے بڑا خطرہ ہے، پرویز مشرف
اسٹاف رپورٹ
کراچی : سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان مخالف افغانستان بنانا چاہتا ہے، افغانستان میں بڑھتا بھارتی عمل دخل پاکستان اور خطے کیلئے بڑا خطرہ ہے، دھرنوں نے سب کو ہلا کر رکھ دیا، لوگ تبدیلی کیلئے کھڑے ہوگئے ہیں۔
سابق صدر پرویز مشرف کی خطے کی بدلتی صورت حال پر کڑی نظر ہے، جنرل پرویز مشرف نے غیرملکی فوجیوں کی واپسی پر تشویش کا اظہار کیا، کہتے ہیں نیٹو فوج کا انخلاء پاکستان اور بھارت کو افغانستان میں پراکسی وار کی طرف دھکیل سکتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان میں اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے، بھارت پاکستان مخالف افغانستان بنانا چاہتا ہے، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے۔
پرویز مشرف نے حامد کرزئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے اپنے اہلکاروں کو پاکستان کے بجائے ہندوستان میں تربیت لینے کیلئے بھیجا، ایسے اقدامات بہتر حکمت عملی میں دشواری کا سبب بنتے ہیں۔
سابق صدر نے اسلام آباد میں جاری دھرنے اور شہر شہر جلسوں پر بھی تبصرہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی دھرنوں نے ہر کسی کو ہلا دیا ہے، لوگ تبدیلی کیلئے کھڑے ہوگئے ہیں، عوام نہایت شدت سے تبدیلی کے خواہش مند ہیں۔ سماء