سندھ حکومت کی پی ٹی آئی کو لاڑکانہ جلسے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی
اسٹاف رپورٹ
کراچی : سندھ حکومت نے تحریک انصاف کے 21 نومبر کو لاڑکانہ میں جلسے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی، شرجیل میمن کہتے ہیں کہ عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی دیں گے۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں عارف علوی اور نادر اکمل لغاری سے شرجیل میمن نے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت جلسے کیلئے سیکیورٹی دے گی، اس حوالے سے تحریک انصاف کو کسی بھی قسم کی مدد درکار ہو تو سندھ حکومت انہیں فراہم کرے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے اور سمجھتی ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنی سرگرمیاں آزادانہ طور پر انجام دینے کیلئے مدد فراہم کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو سندھ حکومت فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گی، اس سلسلے میں انتظامیہ اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سماء