سری نگر : میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دنیا کی کوئی طاقت آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو دنیا کی کوئی طاقت آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی ٹیم کو مقبوضہ علاقے کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دینے کے بھارتی اقدام کو ڈھٹائی کی انتہا قرار دیا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیںاور وہ کشمیریوںکی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے ظلم و جبر ، قتل و غارت گری اور ماردھاڑ کی ایک نئی اور بھیانک تاریخ رقم کررہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے 8جولائی سے اب تک104کشمیریوںکوشہید ، ساڑھے بارہ ہزار لوگوں کی زخمی اور سیکڑوں نوجوانوں کوبینائی سے محروم کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی اورپولیس اہلکاررات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران مکینوں کی مار پیٹ کے علاوہ قیمتی اشیا کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میر واعظ عمر فاروق سمیت دیگر حریت قیادت کوغیر قانونی طور پر نظر بند کر دیا گیا ہے ۔ ترجمان نے ایمنسٹی انٹرنیشنل ،ایشیا واچ اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ترجمان نے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سرینگر کے15 سالہ مومن الطاف کو شاندار خراج عقیدت ادا کیا۔ سماء