عوام ایکسپریس کو حادثہ؛4 مسافر جاں بحق،100 سے زائد زخمی
ملتان:پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں چارمسافر جاں بحق جبکہ ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہو گئے۔
حادثہ ملتان ميں بُچھ اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں عوام ایکسپریس کا انجن اور چار بوگياں الٹنے سے چار مسافر جاں بحق اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمي ہوگئے۔ انجن اور چاربوگیاں بھی مکمل طورپرتباہ ہو گئیں۔
عوام ایکسپریس گزشتہ روز صبح نو بجے پشاور سے کراچی کے لئے روانہ ہوئی تھی۔ ملتان سے کراچی کی جانب چلتے ہوئے رات دو بج کر پنتالیس منٹ پربچھ اسٹیشن کے قریب اپنے ٹریک پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔
جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ملتان کے نشتراسپتال اور دیگر اسپتالوں میں روانہ کیا گیا۔اندھیرے کے باعث امدادی سرگرمیوں میںشدید دشواری کا سامنا رہا۔دن چڑھے تک ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا۔
ڈی سی او ملتان کا کہنا تھا کہ مال گاڑی کے نیچے آکر ایک شخص نے جان دے دی تھی اسی وجہ سےمال گاڑی بغیر شیڈول کے رکی تھی اور پیچھے سے آنے والی عوام ایکسپریس اس سے ٹکرا گئی۔
متاثرہ مسافر ٹریک کے دونوں جانب کھلے آسمان تلے بیٹھے رہے۔ امدادی سرگرمیوں میں اطراف کی بستیوں کے افراد نے بھی حصہ لیا۔ سماء