سارک کانفرنس کا اختتام، نواز شریف اور نریندر مودی کا مصافحہ، مسکراہٹوں کا تبادلہ
اسٹاف رپورٹ
کٹھمنڈو : سارک سربراہ کانفرنس میں پاک بھارت تعلقات پر جمی برف پگھلنے کی اُمید بھی پیدا ہوگئی، کٹھمنڈو میں کانفرنس کے اختتام پر وزیراعظم نواز شریف کی نریندر مودی سے کھڑے کھڑے ملاقات ہوئی، مصافحے اور مسکراہٹوں کے تبادلے میں گرمجوشی بھی دکھائی دی، اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سارک کانفرنس کو خطے میں امن و ترقی کا پلیٹ فارم قرار دیا۔
وزيراعظم میاں نواز شریف نے اختتامی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سارک کانفرنس کے کامياب انعقاد پر تمام شرکاء کو مبارکباد پيش کرتا ہوں، بھرپور مہمان نوازی پر نيپال کی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہوں، کانفرنس کی کاميابی ميں سيکريٹری جنرل کی کاوشوں کے معترف ہيں، فورم خطے میں امن و ترقی کا پلیٹ فارم ہے۔
اختتامی سیشن میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی بھی مختصر ملاقات ہوئی جس میں نواز شریف اور نریندر مودی نے گرمجوشی سے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا، مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ سماء