نابینا افراد اور ڈی سی او کے مذاکرات کامیاب، کوٹے پر عملدرآمد کی یقین دہانی
اسٹاف رپورٹ
لاہور : مطالبات کی منظوری کیلئے سڑکوں پر آئے نابینا افراد اور ڈی سی او لاہور کے مذاکرات کامیاب ہوگئے، ملازمتوں میں 2 فیصد کوٹے پر عملدرآمد کی یقین دہانی پر بلائنڈ ایسو سی ایشن نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں نابینا افراد ملازمتوں میں 2 فیصد کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف سڑکوں پر آئے، پولیس نے وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث سڑک خالی کرانے کیلئے بینائی سے محروم افراد کو دھکے مارے، ڈی ایس پی عبداللہ نے میڈیا کو بتایا کہ صدر صاحب کو یہاں سے گزرنا تھا اس لئے نابینا افراد کو احتجاج سے روکا۔
پولیس گردی کے واقعے کے بعد نابینا افراد نے تقریباً 5 گھنٹے تک اپنا احتجاج جاری رکھا تاہم کوئی حکومتی شخصیت نہ پہنچی، کئی گھنٹے بعد ڈی سی او محمد عثمان لاہور بینائی سے محروم افراد سے مذاکرات کیلئے پہنچے، ملازمتوں میں 2 فیصد کوٹے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرانے پر بلائنڈ ایسو سی ایشن نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر بلائنڈ ایسو سی ایشن عامر اشرف نے بتایا کہ مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، حکومت نے ہم سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، پولیس اہلکاروں کیخلاف انکوائری چل رہی ہے، معطلی کے احکامات ٹی وی پر دکھائے جانے تک مطمئن نہیں ہونگے، حکومت نے پہلے بھی تعاون کیا امید ہے آئندہ بھی کرے گی۔
ڈی سی او محمد عثمان کا کہنا ہے کہ نابینا افراد پر تشدد کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا، آئی جی صاحب نے تحقیقات کا حکم دے دیا، اور کوئی بھی ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف بھی کارروائی ہوگی، نابینا افراد کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ سماء