افغانستان میں پراکسی وار کا حصہ نہیں، پاکستان
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سارک کانفرنس میں پاک بھارت مذاکرات پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، مذاکرات کی بحالی اب بھارت کی ذمہ داری ہے، پاکستان افغانستان میں پراکسی وار میں ملوث نہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں استحکام اور گہرائی آرہی ہے، افغانستان میں پراکسی وار میں ملوث ہیں نہ کسی گروپ کی حمایت کرتے ہیں۔
تسلیم اسلم کا کہنا ہے کہ افغانستان کی بحیثیت ملک مدد کرتے ہیں کسی خاص گروہ یا جماعت کی نہیں، لندن میں وزیراعظم اور جان کیری کی ملاقات صرف افغانستان پر ہوگی، امریکا کے وزیر خارجہ کے دورے کا کوئی شیڈول طے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ داعش کی وال چاکنگ پر کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں، تفتیش جاری ہے، گرفتار ہونے والوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے، ابھی علم نہیں کہ گرفتار شدگان داعش کے لوگ ہیں یا یہ محض شرارت تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ عرب باشندوں کو بلوچستان میں شکار کی اجازت دینے کا معاملہ زیر سماعت ہے، شکار کیلئے علاقوں کا تعین وزیراعظم کی زیر صدارت کمیٹی کرتی ہے۔ سماء