انگلینڈ کی پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں شکست،سیریزمیں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی
ناٹنگھم: انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 169 رنز سے شکست دےکر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی واضح برتری حاصل کرلی ہے۔
سیریز کے تیسرے ون ڈے مییچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا 444 رنز کا اسکور کیا۔ انگلش بلے باز الیکس ہیلز نے کیریئر کی شاندار اننگز کھیل کر 171 رنز بنائے جو کہ انگلینڈ کے کسی بیٹسمین کا ون ڈے میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔ انگلش بلے باز جوئے روٹ نے 85، جوس بٹلر نے 90 اور کپتان آئن مورگن نے 57 رنز بنائے۔
انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ریکارڈز کےانبار لگا دئیے
پاکستانی فاسٹ بالر وہاب ریاض نے تاریخ میں سب سے زیادہ 110 رنز دیے، جبکہ حسن علی نے 74 اور محمد عامر نے 72 رنز دیئے۔ اسپن بالرز میں محمد نواز نے 10 اوورز میں 62، یاسر شاہ نے چھ اوورز میں 48 اور شعیب ملک نے تین اوورز میں 44 رنز دیئے۔
تاریخ کے سب سے بڑے ہدف کا تعقب کرنے پاکستان ٹیم میدان میں اتری لیکن قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ شرجیل خان اور محمد عامر نے نصف سینچریاں اسکور کیں۔ ٹیم کے بقیہ کھلاڑی وقفے وقفے سے آوٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم 275 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔
انگلش بالر کرس ووکس نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عادل رشید نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ میں سب سے زیادہ 171 رنز بنانے پر الیکس ہیلز کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
پاکستان کو تیسرے میچ میں شکست دینے کے بعد انگلینڈ نے پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز بھی جیت لی ہے۔ سماء