بلوچستان میں القاعدہ اورداعش کا نیٹ ورک پکڑاگیا
کوئٹہ: بلوچستان میں القاعدہ اور داعش کا نیٹ ورک پکڑا گیا۔ نوشکی سے اہم کمانڈر کوچھ ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ داعش کے لیے بھرتیاں کی جا رہی تھیں۔ پاک افغان سرحدی شہر نوشکی میں حساس اداروں نے گرفتاردہشتگردوں کی نشاندہی پر دہشتگرد تنظیم داعش کے علاقائی کمانڈر کو چھ ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ گولہ و بارود سمیت وائرلیس سیٹس، لیپ ٹاپ اور تربیتی لٹریچر برآمد کیا گیا۔ گرفتار سرغنہ شام کی جہادی کارروائیوں میں بھی حصہ لیتا رہا ہے ۔
وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشتگرد کمانڈر نوجوانوں کی برین واشنگ کرکے انہیں داعش میں بھرتی کرنے کا کام بھی کرتا رہا ہے۔ نوجوانوں کو افغانستان کے سرحدی علاقے سرلٹ اور شوراواک میں تربیت دی جاتی تھی۔
گرفتار دہشتگردوں سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائےگا ۔ سماء