کراچی پربادل اچانک مہربان، بارش سے موسم سہانا
کراچی: شہرقائد میں جاری گرمی کی لہراچانک بارش سے کمزور پڑ گئی۔ چمکتی دھوپ میں ایک دم چھا جانے والے بادل برسنے سے موسم انتہائی خوشگوارہوگیا۔ گہرے بادلوں نے دن میں رات کا سماں کردیا۔
آج صبح کا آغاز شدید گرمی اورحبس سے ہوا، دوپہر بارہ بجے تک کراچی کا درجہ حرارت چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا تھا مگر ہھر اچانک ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گہرے بادل چھائے اور بارش شروع ہو گئی۔ برنس روڈ،ائرپورٹ، گلستان جوہر،ملیر، گڈاپ، لانڈھی، کورنگی، سہراب گوٹھ، ناظم آباد ، گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔
کراچی میں دھواں دھار بارش سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔ائرپورٹ پر اب تک بیالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آسمان پر چھائے کالے بادلوں کےباعث حد نگاہ پچاس میٹررہ گئی۔
بارش اور تیز ہواؤں سے عید الضحیٰ کی مناسبت سے سپر ہائی وے پر سجنے والی ایشیا کی سب سے بڑی منڈی میں لگے ٹینٹ اکھڑ گئے جبکہ منڈی میں پانی بھی کھڑا ہو گیا ہے۔ کئی ٹینٹ جانوروں پر بھی آ گرے۔
بارش سے کراچی کا موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن دوسری جانب شہر میں ڈیڑھ سو سے زائد فئڈرز ٹرپ کر جانے سے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ پندرہ ستمبر تک جاری رہے گا۔ سماء