رانا ثناء اللہ کے گھر کے باہر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم
ویب ایڈیٹر
فیصل آباد : فیصل آباد میں رانا ثناء اللہ کے ڈیرے کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، مشتعل کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے وقفے وقفے سے شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے، پولیس کی اضافی نفری اور بکتر بند گاڑی بھی سابق وزیر قانون کے گھر پہنچادی گئی۔
فیصل آباد میں مبینہ طور پر مسلم لیگ ن کے کارکن کی فائرنگ سے پی ٹی آئی کے کارکن کی ہلاکت کیخلاف احتجاج کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے کارکن رانا ثناء اللہ کے ڈیرے کے باہر جمع ہوگئے، جہاں کچھ مشتعل افراد نے سابق وزیر قانون کے گھر پر پتھراؤ شروع کردیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ شروع کی۔
مظاہرین شیلنگ سے مزید اشتعال میں آگئے اور پولیس سے بھڑ گئے، تصادم کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مشتعل مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی مزید نفری اور بکتر بند گاڑی رانا ثناء اللہ کے ڈیرے پر پہنچادیئے گئے جبکہ وقفے وقفے سے شیلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف نے پلان سی کے تحت فیصل آباد شہر بند کرانے کا اعلان کیا تھا تاہم گھنٹہ گھر چوک پر پی ٹی آئی کے کارکن جمع ہوئے تو مسلم لیگ ن کے ورکرز بھی موقع پر پہنچ گئے، مبینہ طور پر رانا ثناء اللہ کے داماد کے گارڈ کی فائرنگ سے کپتان کا ایک متوالہ جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ سماء