خورشید شاہ کا الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان کے استعفوں کا مطالبہ
ویب ایڈیٹر
راولپنڈی : اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اليکشن کميشن کے چاروں اراکين کے استعفوں کا مطالبہ کرديا، حکومت کو بھی صبر کی تلقين کردی۔ کہتے ہیں کہ حکومت گھوڑے پر اور عمران خان اندھے گھوڑے پر سوار ہیں، لگتا ہے دونوں کے درمیان اسٹیٹس کی لڑائی ہے، مسلم لیگ ن کی نااہلی سامنے ہے اس سے مسائل بڑھے۔
راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ احتجاج پُرامن رکھا جائے، تحریک انصاف کراچی میں جہاں چاہے احتجاج کرسکتی ہے، الیکشن کا نظام کبھی نہ کبھی بہتری کی طرف ضرور جائے گا، اسحاق ڈار پر واضھ کیا ہے جلد مذاکرات شروع کئے جائیں، پتا نہیں حکومت یا عمران خان میں سے کون مذاکرات نہیں چاہتا۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور عمران خان کو بات سمجھ نہیں آرہی، حکومت گھوڑے پر اور عمران اندھے گھوڑے پر سوار ہیں، لگتا ہے دونوں کے درمیان اسٹیٹس کی لڑائی ہے، ن لیگ کی نااہلی سامنے ہے، اس سے مسائل بڑھے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو ميں خورشيد شاہ نے فیصل آباد واقعے پر افسوس کا اظہار کيا اور کہا کہ شاید وزیراعظم کی بات اُن کی ٹیم بھی نہیں مانتی، اپوزیشن لیڈر نے یہ پیشکش بھی کی کہ موجودہ صورتحال میں پیپلزپارٹی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے تاہم انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان کو اب گھر جانا ہوگا۔ سماء