سپریم کورٹ کا داسو ڈیم پر اہم فیصلہ
اسلام آباد : سپریم کورٹ نے داسو ڈیم کے تعمیراتی ٹھیکے کی بولی کے عمل پر دیا گیا حکم امتناع واپس لے لیا، چائنہ پاور کنسٹرکشن کمپنی کو عالمی بینک سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پاور چائنہ کنسٹرکشن کمپنی کی درخواست پر سماعت کی، چائنیز کمپنی کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کی شرائط کے مطابق تمام تر ذمہ داری واپڈا کی ہے، ورلڈ بینک کی شرائط آئین سے بڑھ کر نہیں ہوسکتیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ممکن ہے آپ کی گزارشات ورلڈ بینک تک پہنچ ہی نہ سکی ہوں۔ واپڈا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈیم کے تعمیراتی ٹھیکے کی بولی پر 5 نومبر تک فیصلہ کرنا لازمی ہے، بولی کے عمل پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے حکم امتناع خارج کردیا اور چائنیز کمپنی کو ایک ہفتے میں ورلڈ بینک سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سماء