اپوزیشن جماعتوں کا پی ٹی آئی کو مشورہ
اسلام آباد : پاناما لیکس پر وزیراعظم کیخلاف سپریم کورٹ جائیں یا نہ جائیں؟ فیصلے کیلئے تحریک انصاف نے قانونی ماہرین کا اجلاس 23 اگست کو طلب کرلیا۔ اپوزیشن کی بعض جماعتیں پی ٹی آئی کے فیصلے سے متفق نہیں۔
کرپشن اور بیرون ملک اثاثے چھپانے کا الزام، تحریک اںصاف ن لیگی سرکار کے خلاف سرگرم ہے، اس سلسلے میں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکٹایا جائے یا کچھ اور راستہ اپنایا جائے؟ کپتان نے 23 اگست کو قانونی ماہرین کا اجلاس طلب کرلیا، پاکستان پیپلزپارٹی نے اپوزیشن پارٹنرز کو عدالت عظمیٰ نہ جانے کا مشورہ دے دیا۔
پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پٹیشن تیار ہے تاہم حکمرانوں کی بڑی کرپشن کیخلاف ملک کی بڑی عدالت جانے کا حتمی فیصلہ قانونی ماہرین کی مشاورت سے ہوگا۔
دوسری جانب حزب اختلاف کی بعض جماعتوں نے تحریک انصاف کو سپریم کورٹ سے رجوع نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماء اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر تحریک چلانی ہے تو پھر سپریم کورٹ کا آپشن مناسب نہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی اس معاملے میں عدالتی سہارا نہ لینے کی تجویز دے چکے ہیں۔ سماء