جو رہی، سو بے خبری رہی۔۔

JA2

ہاں جی، آج یوم آزادی ہے اور بڑے جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ گھروں اورعمارتوں پر چراغاں، جھنڈے، جھنڈیاں، غبارے لگا کر خوب سجایا گیا ہے اور سینوں پرتمغہ شجاعت کی صورت پرچم والے بیجزبھی لگائے گئے ہیں۔ کہیں منچلے ون وہیلنگ اورڈرفٹنگ کرکے آزادی کے احساس کو دوبالا کررہے ہیں تو کہیں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر یہ بڑے بڑے سبز ہلالی پرچم لگا کربتایا جا رہا ہے کہ ہم وطن سے بہت محبت کرتے ہیں۔

MAZAR E QUAID COLORS KHI PKG 14-08

ذرا سڑکوں اورگلیوں پر بھی نظردوڑائیں، واہ کیا مناظرہیں۔ خوشیوں سے چمکتے دمکتے چہرے کسی نہ کسی سرگرمی میں مصروف نظر آئیں گے۔ ملی نغموں پرڈانس اور بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں۔خاصا سرمایہ خرچ کرکے جہازی سائز کیک کاٹے جا رہے ہیں۔ دوست یار مل جل کر پکنک اسپاٹ کا رخ کرنے کو تیار ہیں تو ننھے منے گلیوں میں ہی گھوم پھرکر آزاد وطن کی آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں ۔ حکمران میڈیا پرآکر ایسی تقاریر کرتے ہیں کہ لگتا ہے زمین پر جنت تو بس ارض پاک ہی ہے ۔ موئے فرنگیوں کے سوئٹزرلینڈ کا تو بس شہرہ ہی ہے۔ یہی حال ذرائع ابلاغ اوردیگر کا بھی ہے ، حب الوطنی کا بخارایسا ٹوٹ کر چڑھتا ہے کہ لگتا ہے اب تو بس جان لے کر ہی چھوڑے گا۔

یہ نظارے نامانوس تو ہرگزنہیں کیا ہو گیا جو بس سال میں ایک بار ہی دکھائی دیتے ہیں۔ بارہ مہینوں کے 365 دنوں میں سے ایک دن ایسی خوشی کا اظہار تو بنتا ہے، آخرکار آزادی کا جشن ہے کوئی مخول نہیں۔ جذبہ حب الوطنی کے ساتھ ساتھ شان و شوکت بھی کوئی چیز ہوتی ہے اور اس کا تڑکا لگا کر ہی تو ستر برس قبل آزاد وطن پانے کی خوشی کو ذرا جم کر منایا جا سکتا ہے نا۔

KHI AZADI ACTIVITES KHI PKG 14-08

دل مضطرمیں تو بس یہ خیال آرہا ہے کہ آج رات گھڑی کی سوئیاں بارہ بجائیں گی توکیا ہوگا؟ دن بھروطن کی محبت میں سرشار، ناچ کود کرپسینہ بہانے والے توانائیاں کم ہونے پر لمبی تان کر سو جائیں گے ، صبح اٹھیں گے تو فیس بک پرمنہ لٹکائے آڑھی ٹیڑھی انگریزی میں اسٹیٹس اپ لوڈ کریں گے جن کا لب لباب ہو گا کہ یاررررر۔۔ سن ڈے کےبعد منڈے کیوں آجاتا ہے، کاش کہ سب دن چھٹی کے ہوتے، پھر وہی روٹین اوگاڈ سو بورنگ ۔ اس کے بعد وہی لائف اسٹائل، جس کا جوجی میں آئے گا کرے گا۔

صاحبان اقتدار تین سو چونسٹھ دن یہ نویدسنائیں گے کہ جی ملک کو ترقی کے راستے پر ہم لیکر آئے ہیں، معاشی اعشاریے اوپر جا رہے ہیں، غربت ختم ہو رہی ہے۔ مخالفین راگ الاپیں گے نہیں ، ہرگز نہیں۔۔ کرپشن کا پیسہ واپس لاؤ۔ اسکول کالجوں والے بھی جھنڈے اتار کر سنبھال کررکھ دیں گے کہ جی چلو آج کا کام ختم ، اب اگلے سال کام آئے گا۔ یہی حال دوسروں کا ہو گا۔ رہ گئی اپنی نوجوان نسل تو ان کے بھی تعلیمی اداروں کے پھیرے شروع ہو جائیں گے (کبھی اپنے تو کبھی ۔۔۔ سمجھدار کو اشارہ کافی ہے) شام میں دوستوں کے ساتھ گیٹ ٹو گیدر تو کبھی ڈنر پرجانا ہو گا۔ جم ، ہوٹلنگ، پارٹیاں،لڑائیاں جھگڑے، دنگے فساد، پیار محبت سب جاری و ساری رہے گا بس ایک کم بخت یہ حب الوطنی کا راگ اب اگلی چودہ اگست سے پہلے کون الاپے۔

14 AUGUST CELEBRATIONS PKG 14-08

اب کوئی دوسرا سرسید، علامہ اقبال یا قائداعظم  تو پیدا نہیں ہوتا نظرآرہا کہ جوتعلیم کے ذریعے کامیابی کی اہمیت سمجھائے، جوانوں کی عقابی روح کو جگائے اور کام، کام صرف کام کا فلسفہ اپنائے۔ مگر جو ہو رہا ہے یہ بھی نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ اس ایک دن پرتو اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں، ہم ایک ہیں اور جاگ اٹھا ہے سارا وطن جیسے نغمے سن کر لہو گرمانے والے خوداحتسابی ضرور کریں کہ کیا واقعی ہم ایک ہیں؟ ایک ہیں تو پھر سندھی ، پنجابی ، بلوچی، پٹھان اور مہاجر کیوں ہیں؟ انسانیت کو مقدم کیوں نہیں جانتے؟ ماڈرن لائف اسٹائل اپنا کرآدھا تیتر، آدھا بٹیربننے والے انگریزی بولنے والوں کوبرتر اوراردو میڈیمز کو کم تر کیوں سمجھنے لگ گئے ہیں؟ چھوٹی چھوٹی باتوں کو انا کا مسئلہ کیوں بناتے ہیں؟ ذرا کوئی کام رک جائے تو یہ ملک تو ہے ہی ایسا، یہ جگہ تو رہنے کے قابل ہی نہیں ہے جیسے جملے کہنے سے پہلے یہ کیوں نہیں سوچتے کہ ملک تو اپنے باسیوں سے بنتا ہے۔ جیسے ہم ویسا یہ۔ دینے والے تو ہمیں ایسا نہیں دے کر گئے تھے۔ کیا ہم اس کا اصل حق اداکرپا رہے ہیں؟

DABANG BABA 14-08

صبح سے شام ہوگئی، ماشاء اللہ سے قوم کی یکجہتی بےمثال دیکھتے دیکھتے،چند گھنٹے اور دیکھ لیں گے اور اس کے بعد وہی حال ہونا ہے کہ ’’نہ جنوں رہا نہ پری رہی جو رہی سو بےخبری رہی‘‘ ۔

یہ ضرور ہے کہ جیسے ہاتھ کی پانچوں انگلیاں برابرنہیں ہوتیں ایسے ہی سب کو ایک لاٹھی سے ہانکا نہیں جاسکتا لیکن بہرحال یہ تو ماننا پڑے گا  کہ کوتاہی ہو ضروررہی ہے انفرادی سطح سے لے کر اجتماعی تک ۔ کاش کہ اس ایک دن پر بلند وبانگ دعوے کرنے والوں سے لے کر چھوٹی چھوٹی خوشیاں منانے والوں تک سب ہی انفرادی سطح پر اس ملک کو بہتر بنانے کے لیے اپنا حصہ بھی ضرورڈالیں۔

Independence celebrations

14th august

Tabool ads will show in this div