پانچ سال کی عمرمیں ایسا کام کہ سب حیران رہ گئے

ANANYA 3

لکھنؤ:کہتے ہیں کھیلو گے کودو گے ہوگے خراب، پڑھو گے لکھو گے بنو گے نواب۔ اسی مقولے پر یقین رکھنے والے والدین اپنی اولاد کو پڑھا لکھا کر نواب بنانے کے لیے نہ جانے کتنے ہی جتن کرتے ہیں مگرایک بھارتی بچی کا معاملہ الٹ ہوگیا جو اتنی ذہین ہے کہ پانچ سال کی عمر میں بڑوں کو پڑھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لکھنؤ سے تعلق رکھنے والی پانچ سال کی اننیا ورما نے نرسری کلاس کے بجائے براہ راست نویں کلاس میں داخلہ لے لیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کھلونوں سے کھیلنے والی عمر میں نویں کلاس میں پہنچ جانے والی اننیا پیدائشی طور پر ذہین اور خدا داد صلاحیتوں کی مالک ہے۔

ANANYA

صرف اننیا ہی نہیں ، اس کے دیگربہن بھائی بھی بے حد ذہین ہیں۔ اس کا چودہ سالہ بھائی کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کرنے کے بعد ملک کے کم عمر ترین کمپیوٹر گریجویٹ کا اعزاز اپنے نام کر چکا ہے توایک بہن نے سات سال کی عمرمیں میٹرک پاس کر لیا تھا جس کا نام لمکا بک آف ریکارڈ میں درج کیا گیا۔ اننیا کی بہن اب مائیکروبیالوجی میں ڈاکٹریٹ کر رہی ہے وہ بھی محض پندرہ برس کی عمرمیں۔

ANANY 4

اننیا کے والد تاج بہادرورما بابا صاحب امبیدکر یونیورسٹی میں سپروائزر ہیں جو ایک دن اپنی بچی کو مارکیٹ لے کر گئے جہاں ان کی ملاقات سینٹ میرا کالج کے ٹیچرسے ہوئی۔ اننیا نے اس دوران ایک کتاب لیکر اسے پڑھنا شروع کر دیا جس پر حیران ہونے والے ٹیچر نے اننیا کے والد سے اسے اسکول لے کر جانےکو کہا۔ اسکول منیجمنٹ کی جانب سے لیے گئے ٹیسٹ کے بعد اننیا کو نویں جماعت میں داخلے کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ اسی اسکول میں اننیا کے بڑے بہن بھائی نے بھی تعلیم حاصل کی، اسکول منیجر کا کہنا ہے کہ اننیا ان سے زیادہ ذہین ہے۔

اننیا کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ فطرتا ایک خاموش طبع بچی ہے جو کوئی بھی کتاب پڑھے تو اسے سب یاد ہو جاتا ہے۔ اننیا کو مذہبی کتاب رامائن بھی یاد ہے۔ سماء/خبر ایجنسی

Lucknow

Tabool ads will show in this div