مزیدارلاہوری قتلمے

Aug 05, 2016

qatlama

میرا بیٹا کافی دن سے مجھ سے پیزا  کھانے کی فرمائش کررہا تھا اور میں اپنی مصروفیات کی وجہ سے اسے ٹالے جا رہی تھی لیکن چھٹی کے دن اور اسکے بگڑے ہوئے موڈ کو دیکھ کر میں نے دیسی پیزا گھر پر ہی بنانے کا تہیہ کر لیا ۔

دیسی پیزا لاہوری قتلمہ ،جو کہ زندہ دلان لاہور کی خاص ڈش ہے اور مزے کی بات یہ بھی ہے کہ یہ ہر خاص وعام میں مقبول ہے ۔ یہ آپ کو اولیا کرام کے مزارات پر بھی ملے گا تو دوسری طرف لاہور کے ہوٹل بھی اس سے خالی نہیں ملیں گے ۔ میرا بیٹا دیسی پیزا کا سن کر بہت پرجوش ہو رہا تھا کہ مما  یہ گھر پر کیسے بنے گا اور اسکی یہی خوشی مجھے بھی خوش کئے جا رہی تھی ۔

qatalama

میں اپنے بچپن کے اس حسین دور میں چلی گئی تھی جب ہم سب بہن بھائی لاہور اپنے ننھیال جایا کرتے تھے ۔ میرے ابو اور ماموں اکثر لاہور میں اولیا اللہ کے مزارات پرحاضری دیتے۔  لیکن ہم سب بچوں کو تو بس  لاہوری قتلمے کاانتظارہوتا تھا جو ایک طرح کی گول  ، ذائقے دار اور کافی بڑی  مصالحے لگی ہوئی روٹی ہوتی تھی۔ جیسے ہی قتلمہ آتا ، خالہ چائے بنانے اٹھ کھڑی ہوتیں اور پھر ہم بچے تھوڑی تھوڑی چائے کے ساتھ قتلمے کا لطف اٹھاتے۔

قتلمہ مجھے بچپن سے ہی بہت پسند ہے۔ لاہوری قتلمہ جیسی روایتی ڈش کو بڑی بڑی کڑاہیوں اور توئوں میں ڈیپ فرائی کیا جاتا ہے ، جبکہ اسکے کاریگر بھی بہت کم ہیں ۔اسلام آباد میں بری سرکار کے میلے پر خاص طور پر لاہور سےقتلمے  کے کاریگر یہاں آتے ہیں۔

قتلمے پر ارہر کی دال بھی لگائی جا سکتی ہے لیکن اس کو استعمال کرنے سے قبل کم ازکم دو گھنٹے تک بھگونا ضروری ہے اور موٹا موٹا کوٹنا بھی بہتر رہے گا۔ برستی بارش میں چائے کے گرما گرم کپ کے ساتھ قتلمہ بے حد لطف دیتا ہے ۔

image

قتلمہ بنانے کے لئے اجزا

بیسن ایک کپ ،نمک ایک چائے کا چمچ، اجوائن ایک چوتھائی چائے کا چمچ،قصوری میتھی آدھا چائے کا چمچ،ہلدی پاوڈرآدھا چائے کا چمچ ،ثابت دھنیا  ایک ٹیبل سپون ،انار دانہ  ایک ٹیبل سپون ،انڈا  ایک عدد ،قیمہ  ایک کپ ،میدہ  دو کپ ،آٹا  دو کپ ،آئل چار ٹیبل اسپون ،لال مرچیں  کٹی ہوئی حسب منشا ،زیرہ  حسب منشا ،تل حسب ضرورت ،فوڈ کلر حسب ضرورت ۔

اس کو بنانے کی ترکیب یہ ہےکہ میدے اور آٹے میں نمک ڈال کر نیم گرم پانی سے سخت  گوندھ لیں اور پھر اسے ایک پلاسٹک کے لفافے میں لپیٹ کرآدھے گھنٹے کے لئے رکھ دیں ۔ اسی دوران بیسن میں ہلدی ، لال مرچیں ، قصوری میتھی ، دھنیا ، نمک، انار دانہ ، اجوائن اور دیگر مصالحے ڈال کر ایک انڈے  کی مدد سے سے عام پکوڑوں کے بیسن کی طرح سے آمیزہ بنا لیں ( اگر زیرہ ، اجوائن اور ثابت دھنیا کو توے پر ہلکا سا فرائی کر لیں تو یہ اور بھی بہتر ہے )۔ کئی لوگ اس میں قیمہ بھی استعمال کرتے ہیں تاہم اس صورت میں قیمہ بہت باریک میشن یا گرائنڈر کا نکلا ہوا ہونا چاہیے تاکہ وہ کچا نہ رہے ۔

katlama 4

بازار والا قتلمہ آپ کو سرخی مائل دکھائی دے گا جس کی وجہ اس میں  فوڈ کلر یا زردہ رنگ کا استعمال ہے ۔ آمیزہ تیار کرنے کے بعد آپ  گوندھے ہوئے آٹے کو بغیر خشکے کے باریک روٹیوں کی شکل میں بیل لیں تاہم بیلنے کی جگہ پر ہلکا سا آئل لگانا مت بھولیں تاکہ آپ کی بنائی ہوئی روٹی پھٹ نہ جائے۔

ان روٹیوں کو بیلنے کے بعد ان پر بیسن کا آمیزہ اوپر کی طرف لگائیں اور آہستگی سے نیچے کی جانب سے اٹھائیں اور ایک بڑے  فرائی پین میں آمیزے کی سائیڈ کو اچھی طرح سے تل لیں ۔ تیل درمیانی آنچ پر قدرے گرم رکھیں۔  مصالحے والی سائڈ اچھی طرح پکنے کے بعد اسکی سائیڈ پلٹ کر دوسری طرف سے پکائیں حتی کہ وہ گولڈن براؤن ہو جائے۔  اس ایک قتلمے کو ٹشو پیر پر نکال کر فالتو تیل جذب کر لیں جبکہ باقی آٹے کے بھی اسی طرح کئی قتلمے تیار کرلیں ۔

  جب تمام قتلمے تیار ہو جائیں تو انھیں ایک ڈش میں نکال کر ٹماٹو کیچپ، دہی والی چٹنی یا املی کی چٹنی ،  سلاد اور پودینے کے رائتے کے ساتھ پیش کریں ۔ ان قتلموں کو چائے یا کافی کے ساتھ کھائیے یہ ساون کے موسم کی خوب صورتی بڑھا دیں گے۔

PUNJAB

qatlamay

Lahore dishes

pakistani meals

Tabool ads will show in this div