متحدہ قومی موومنٹ کا وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب سے اظہار لاتعلقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ سید سردار احمد کہتے ہیں ہم شراکتی جمہوری پر یقین رکھتے ہیں۔ خواجہ اظہار کا کہنا ہے کہ چہرے بدلنے سے پالیسی بدلنے کی کوئی امید نہیں، ہم اس ڈرامے کا حصہ نہیں بنیں گے، وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ نہ لینے کا مقصد احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء سید سردار احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب میں حصہ نہیں لے گی، ہم شراکتی جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعلیٰ کے انتخاب میں کسی کی حمایت کریں گے نہ مخالفت۔
خواجہ اظہار الحسن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پی پی کے 8 سالہ دور کے نتائج انتہائی تباہ کن رہے، قائم علی شاہ سے جس طرح استعفیٰ لیا گیا وہ افسوسناک ہے، 8 سالہ دور کی تباہی میں مراد علی شاہ بھی شامل رہے ہیں، یہ 22 مہینے پیپلزپارٹی سے نہیں گزریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتجاجاً وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے، سندھ اسمبلی میں ووٹنگ کی کوئی حیثیت نہیں، ہم اس ڈرامے کا حصہ نہیں بنیں گے، چہرے بدلنے سے پالیسی بدلنے کی کوئی امید نہیں۔ سماء