انقرہ : ناکام بغاوت کی حمایت کے الزام میں ترکش ایئر لائن کے سو سے زائد ملازمین کو برطرف کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکی کی سرکاری ایئرلائن ترکش ایئر لائن نے ناکام بغاوت کے بعد اپنے سو سے زائد ملازم برطرف کر دیئے ہیں، ان ملازمین میں مینجمنٹ اور کیبن کریو کے ملازمین شامل ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق ملازمین پر ناکام بغاوت کی حمایت کا الزام ہے، ترک اخبار صباح نیوز کے مطابق ان ملازمین کو اتوار کی رات فارغ کیا گیا۔

دوسری طرف ترکش ایئرلائن جو یورپ کی چوتھی بڑی کمپنی ہے کہ ترجمان نے ان خبروں پر تبصرہ دینے سے انکار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ برطرفیاں کام میں نااہلی کی وجہ سے کی گئی ہیں۔
تھیلیرا ڈاٹ کام جو ایک فنانشل نیوز ویب سائٹ ہے کا کہنا ہے کہ برطرف ملازمین میں مینجمنٹ کے سو اور کریو کے دو سو پچاس ملازمین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد سے اب تک ہزاروں فوجیوں، سپاہیوں ، اساتذہ اور دوسری سرکاری ملازمین کو برطرف کیا جا چکا ہے۔ سماء