ایان علی کو سپریم کورٹ سےبڑی خوشخبری مل گئی
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کسٹم انسپکٹر قتل کیس میں ماڈل ایان علی کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔سیکرٹری داخلہ اور دیگر فریقین کو چھبیس جولائی کیلئے نوٹس بھی جاری کر دیے گئے۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایان علی کی درخواست کی سماعت کی۔ ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مجسٹریٹ نے تین سو دو کے مقدمے میں ایان علی کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔
وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ معاملہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے۔ ایان علی کی پرواہ نہیں لیکن عدالت کی تضحیک ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیے: ماڈل ایان علی کے وارنٹ گرفتاری جاری
جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ایان علی عدالت میں موجود ہوتیں تو آپ کی بات سن کر بے ہوش ہو جاتیں۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ عدالت نے قانون کے مطابق ہی فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ ہم فریقین کو نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔
جس پر ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ میری موکلہ ایان علی کو گرفتارکیا جا سکتا ہے، آئندہ سماعت تک وارنٹ معطل کردیں۔
سپریم کورٹ نے لطیف کھوسہ کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت چھبیس جولائی تک ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیے: ایان علی نے وارنٹ گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیے
واضح رہے کہ گزشتہ روز علاقہ مجسٹریٹ نے کسٹم انسپکٹر قتل کیس میں ایان علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ ایان علی کی جانب سے فیصلے کو آج سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے ملزمہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے معاملے کی آج ہی سماعت کی جس میں وانٹ گرفتاری معطل کر دیے گئے۔ سماء