آپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی شروع

Future-of-North-Waziristan-IDPS وانا : آپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی شروع ہوگئی ہے، پہلے دن 373خاندان سخت سیکیورٹی میں روانہ ہوئے، پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک آرمی کے کرنل عمران نے قافلہ کو آئی ڈی پیز کیمپ خرگی سے رخصت کیا۔ جنوبی وزیرستان کے آپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی شروع ہوگئی ہے، پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان کے مطا بق آپریشن راہ نجات کے متاثرین کی واپسی کا سلسلہ بیس جولائی سے شروع ہوا ہے جوکہ پندرہ اکتوبر تک جاری رہے گا ۔واپسی کے پہلے دن آئی ڈی پیز کیمپ خرگی سے 373خاندانوں جوکہ 142گاڑیوں کے قافلے پر مشتمل تھا روانہ کردیا گیا۔ جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک آرمی کے کرنل عمران نے قافلہ کو رخصت کیا ۔اس سے قبل پولیٹیکل ایجنٹ اور کرنل عمران نے واپس جانے والے خاندانوں کے سربراہان کو ہار پہنائے اور انھیں اپنے علاقے میں روانہ ہونے پر مبارک باد دی ۔اس موقع پر جنوبی وزیرستان کے ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ ، لدھا سب ڈویژن کے اے پی اے ،اے پی او اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ واپس جانے والے یہ خاندان اپنے گھروں کو نو سال بعد جارہے تھے، یہ متاثرین اپنے گھروں کی واپسی پر بہت خوش تھے۔رحمت اللہ خان محسود، گل بادشاہ اور دیگر کا کہناتھا کہ پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ نے ہمیں اپنے علاقے میں پہنچارہے ہیں اس پر ہم بہت خوش ہیں۔ان کا کہناتھا کہ ہم اپنا علاقہ کو پھر سے آباد کریں گے۔ آئی ڈی پیز کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک کا کہناتھا کہ واپسی کا یہ سلسلہ چیف اف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، گورنر سیکرٹریٹ فاٹا ،گورنر اقبال ظفرجھگڑا ،پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان اور دیگر اداروں کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ان کا کہناتھا کہ واپس جانے والے خاندانوں کو ٹرانسپورٹ کرایہ کی مد میں سم کے ذریعے دس ہزارروپے اور دیگر گھریلوںاخراجات کے لئے پچیس ہزار روپے دئے جارہے ہیں، ان کا کہناتھا کہ جن علاقوں کو یہ واپس بھیجے جارہے ہیں۔ ان علاقوں کو پاک فوج نے کلئیر کردیئے ہیں اور ان علاقوں میں پینے کے پانی ،تعلیم ،صحت اور دیگر منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ متاثرین کو اپریشن کے دوران تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ مکمل تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو چار لاکھ روپے اور جزوی تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو ایک لاکھ ساٹھ ہزا ر روپے دئیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلہ میں بیس سے لیکر پچیس ہزار افراد جو کہ 67دیہات پر مشتمل ہیں اپنے اپنے گھروں کو واپس پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ایک لاکھ افراد اپنے اپنے گھروں کو واپس پہنچائے جا چکے ہیں۔جنوبی وزیرستان کے سرکردہ قبائلی عمائدین نے جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک اور پاک آرمی کے کرنل عمران کی متاثرین کی واپسی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کی خصوصی نگرانی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی شبانہ روز کوششوں سے متاثرین بھی اچھی طریقے سے اپنے گھروں کو نوسال بعد واپس ہورہے ہیں۔ سماء

wana

TDPs

south Waziristan

Operation Rah-e-Nijat

Tabool ads will show in this div