اسلام آباد : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا۔ پرویز رشید کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے تمام حدیں عبور کرلیں۔، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
نیشنل پریس کلب کے باہر مسلم لیگ ن کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ملک بھارت کشمیریوں کا بنیادی حق تسلیم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام کی سیاسی طور پر سفارتی طور پر اور اخلاقی طور پر مدد جاری رکھی جائے گی، اس دن تک جب تک کشمیریوں کو ان کا حق واپس نہیں مل جاتا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ بھارتی درندے جتنے بھی ظلم ڈھالیں، کشمیری قوم کو ان کا حق مل کر رہے گا، برہان مظفروانی کو اور دیگر شہداء کو کشمیرکی آزادی تحریک کے شہدا کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ آپ لوگوں کی یہ جدوجہد قربانیاں ،شہادتیں رائیگاں نہیں ہوں گی۔
یوم سیاہ ریلی میں مذہبی جماعتوں کے علاوہ اقلیتوں نے بھی شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ سماء