پاکستان میں فوج آجائے تو مٹھائیاں بانٹی جائیں گی، عمران خان
اسلام گڑھ : عمران خان کہتے ہیں جمہوریت کو نواز شریف کی ڈکٹیٹر شپ سے خطرہ ہے، ترکی میں عوام نے جمہوریت کو بچایا، حکومت خدمت کرے تو عوام اس کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، پاکستان میں فوج آجائے تو مٹھائیاں بانٹی جائیں گی۔
آزاد کشمیر کے علاقے اسلام گڑھ میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کو نواز شریف کی ڈکٹیٹر شپ سے خطرہ ہے، جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم کی جارہی ہے، یہاں جمہوریت اور اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے، وزیراعظم باہر جائیں تو ان کی بیٹی شہزادی بن جاتی ہے، نواز شریف ابھی تک جواب دینے کیلئے تیار نہیں ہیں، اگر ہمارا وزیر اعظم جمہوری ہوتا تو پارلیمنٹ میں جواب دیتا۔
انہوں نے کہا کہ ترکی میں فوج نے جمہوریت کو ہٹانےکی کوشش کی تو عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جمہوریت کو بچایا، طیب اردوان نے ترکی کے قرضے ختم کرائے، ترک صدر نے 5 گنا زیادہ پیسہ تعلیم پر خرچ کیا، حکومت خدمت کرے تو عوام اس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، پاکستان میں فوج آجائے تو مٹھائیاں بانٹی جائیں گی، ترک عوام کی طرح پاکستانی عوام کو جمہوریت بچانا ہے۔
کپتان بولے کہ حکمرانوں نے اپنا پیسہ خرچ نہیں کیا، قوم کے پیسوں سے جہاز لینے گئے، جمہوریت میں عوام کے پیسے کی قدر ہوتی ہے، جواب دینے کے بجائے دکھ بھری کہانی شروع کی جاتی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ نیب میں نواز شریف پر 13 کیسز ہیں، نیب کیسے پکڑے گی جب اپنا چمچہ بٹھایا ہوا ہے، اسحاق ڈار نے خود کہا نواز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کی، آزاد نیب کے بغیر کرپشن ختم نہیں ہوسکتی، ملک کے 10 بڑے مگر مچھوں کو پکڑلیں کرپشن آدھی ہوجائے گی، جب تک احتساب نہیں ہوگا عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا۔ سماء