قندیل بلوچ کو قتل کردیا گیا
ملتان: نت نئے بیانات اور فیس بک پر اپنی متنازع ویڈیوز سے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو قتل کردیا گیا۔
قندیل بلوچ عید الفطر سے دو روز قبل ملتان کے علاقے مظفرآباد میں شیر شاہ روڈ پروالدین کے ساتھ رہائش پزیر تھیں۔ جہاں بھائی نے انہیں قتل کیا۔ بھائی کی ملتان میں موبائل فون کی دکان ہے۔ ملزم نے رات والدین کے ساتھ ہی گزاری اور رات کے پچھلے پہر بہن کا گلا دبا کر فرارہوگیا۔
سی پی او ملتان اظہر اکرم نے سماء سےبات کرتے ہوئے بتایا کہ قندیل کو ان کے بھائی نے گلا دبا کرقتل کیا۔ لاش پر کسی قسم کے تشدد یا فائرنگ کے نشانات نہیں ہیں۔ مزید تفتیش کے لیے فارنزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب گھر والے سو کر اٹھے تو ملزم موجود نہیں تھا۔
سی پی او کے مطابق پولیس کو قندیل بلوچ کے قتل کی اطلاع ان کے والد نے دی۔ والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے قندیل کا گلا گھونٹ دیا ہے۔
دوسری جانب علاقے کے لوگوں نے سماء سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم قندیل کے والدین کو نہیں جانتے نہ ہی ہمارے علم میں ہے کہ یہ لوگ کب سے یہاں رہائش پزیر ہیں۔
مزید پڑھیے: قندیل بلوچ کے قتل کا مقدمہ بھائی کے خلاف درج
ترجمان پنجاب پولیس نبیلہ غضنفر نے سماء سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قندیل بلوچ کوان کے بھائی نے قتل کیا۔ مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
قندیل بلوچ کو ماہ رمضان میں مفتی عبدالقوی سے ملاقات کر کے سیلفیز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سیلفیز اورویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد مفتی عبد القوی کو رویت ہلال کمیٹی کی رکنیت سے بھی محروم ہونا پڑا تھا۔
حال ہی میں یہ انکشاف سامنےآیا تھا کہ ماڈل قندیل بلوچ کا اصل نام فوزیہ عظیم ہے، وہ شادی شدہ اور ایک بچے کی ماں بھی ہیں۔ ان کے سابق شوہر نے میڈیا پرآکر بتایا تھا کہ قندیل بلوچ سے ان کی پسند کی شادی تھی۔
کوٹ ادو کے علاقے شیخ عمر کے رہائشی عاشق حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ 22 فروری 2008 کو فوزیہ عظیم سےاس کی شادی ہوئی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔
عاشق حسین کا دعویٰ تھا کہ قندیل نے کالج میں داخلہ نہ کروانے اور کوٹھی نہ لے کر دینے پر اسے چھوڑ دیا تھا۔ عاشق حسین کے مطابق قندیل پہلے ڈیرہ غازی خان اور پھر دارالامان ملتان چلی گئی تھی۔ عاشق حسین نے میڈیا کو یہ بھی بتایا تھا کہ ملتان میں ہمارا گیارہ ماہ کا بیٹا بھی قندیل کے ساتھ تھا جسے 4 جون 2009 کو عدالت میں بیان دے کرقندیل نے میرے حوالے کر دیا تھا۔
ماڈل نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی شادی کم عمری میں زبردستی کرائی گئی تھی، ان کا شوہر انہیں مارتا پیٹتا تھا، وہ آگے بڑھنا چاہتی تھیں اور اپنی تعلیم مکمل کرنا چاہتی تھیں اس لیے انہوں نے شوہر سے طلاق لے لی تھی۔
قندیل بلوچ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو شادی کی پیشکش بھی کررکھی تھی۔
ماڈل کا نام مشہور بھارتی رئیلٹی شو ’’بگ باس‘‘ کے سیزن ٹین کیلئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ سماء