لارڈز ٹیسٹ کا دوسرا دن : انگلینڈ کے 253 پر 7 آؤٹ، یاسر کے 5شکار

لندن : لارڈز ٹیسٹ میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، انگلینڈ نے 7 وکٹ کے نقصان پر 253 رنز بنالئے، محمد عامر نے کپتان ایلسٹر کک کو کلین بولڈ کرکے 6 سال بعد اپنی واپسی یادگار بنائی، یاسر شاہد 30 سال بعد لارڈز میں 5 شکار کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 339 رنز پر آؤٹ ہوگئی، انگلش ٹیم کو اچھا آغاز نہ ملا، پہلی وکٹ 8 رنز پر گر گئی جب راحت علی نے الیکس ہالز کو واپسی کا راستہ دکھایا، ایلسٹر کک نے جو روٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا دیا، دونوں کے درمیان 110 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، اس دوران محمد حفیظ اور سرفراز احمد نے محمد عامر کی گیند پر انگلش کپتان کے کیچز چھوڑ دیئے۔
محمد عامر نے 173 کے مجموعے پر ایلسٹر کک کو کلین بولڈ کرکے اپنی واپسی یادگار بنائی، اس موقع پر انگلش کپتان کا انفرادی اسکور 81 تھا۔
یاسر شاہ نے 5 شکار کرکے کئے، جو روٹ کو 48، جیمز ونس کو 16، گیری بیلنس کو 6، جونی بیئر اسٹور کو 29 اور معین علی کو 23 رنز پر پویلین بھیج کر گرین شرٹس کی میچ میں واپسی کا امکان روشن کردیا۔
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلش ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے، کرس ووکس 31 اور اسٹورٹ براڈ 11 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ سماء