اسٹریٹ پاور سے حکومت گرا سکتے ہیں: عمران
اسٹاف رپورٹ
لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شاید امریکا کو معلوم ہوگیا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔ حکومت پنجاب سمجھ لے کہ تحریک انصاف کے پاس اسٹریٹ پاور ہے جس کی مدد سے حکومت گرا سکتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف میں اکثریت نئے لوگوں کی ہوگی جو بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کرے گا تحریک انصاف کے منشور پر کرے گا تاہم کسی بھی بد نام شخص کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں اسکروٹنی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔
ایک سوال پر عمران خان کا کہناتھا کہ پنجاب حکومت جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے اور چھبیس نومبر کو شجاع آباد میں جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ پنجاب حکومت کو سمجھ آ جانی چاہیئے تحریک انصاف اسٹریٹ پاور سے حکومت گرا سکتی ہے۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے کسی سیاسی پارٹی میں شمولیت پرعمران خان کا کہنا تھا کہ قریشی صاحب ایماندار شخص ہیں وہ جس جماعت میں جائیں یہ ان کا اپنا فیصلہ ہےاگر وہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ سماء