اسلام آباد : پاکستان کی جانب سے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی طاقت کے بے دریغ استعمال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آزادی تحریک کے رہنما برہان وانی اور دیگر معصوم شہریوں کی شہادت پر دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبے والا کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم کیخلاف بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردیا۔

ترجمان کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے نہتے شہریوں پر بھارتی مظالم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پر امن کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل قابل مذمت اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
سیکریٹری خارجہ نے کشمیریوں کی شہادت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کیخلاف طاقت کے بے دریغ استعمال قابل مذمت ہے، پر امن مظاہرین پر طاقت کا بے دریغ استعمال جینے کے حق، آزادی اظہاررائے،پرامن احتجاج کے حق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کسی صورت قبول نہیں ہے۔ سماء