لندن : لندن ائیر شو میں شریک پاک فضائیہ کا سی 130 ہرکولیس لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، نمائش میں پیش کیے گئے طیارے پر آپریشن ضرب عضب کا آرٹ ورک بھی کیا گیا ہے، جس کا مقصد جنگ میں مسلح افواج کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔
لندن میں ہونے والے رائل انٹرنیشنل ائیر شو 2016 میں شریک پاکستان ائیرفورس کا سی ون تھرٹی ائیرکرافٹ برطانوی شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا فیئر فورڈ رائل انٹرنیشنل ایئر شو ٹیٹو برطانیہ میں ہوا، جس میں پاک فضائیہ کا ہرکولیس سی ون تھرٹی ایئر شو میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہرکولیس سی ون تھرٹی طیارہ کو پاک فضائیہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، جس نے انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں دشمن کے علاقوں میں چار ہزار پاؤنڈ وزنی بم گرائے تھے۔
ایئر شو میں پیش کیے گئے ہرکولیس طیارے کو دہشت گردی کے خاتمے کے تناثر میں خصوصی طور پر آپریشن ضرب عضب کے مناظر کے ساتھ پینٹ کرکے سجایا گیا،جس کا مقصد جنگ میں مسلح افواج کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے، جسے دیکھنے ہزاروں سیاح آئے۔
ایئر شو میں لوگوں کی جانب سے طیارے پر پینٹ کئے گئے مناظر میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا، ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق طیارے پر مختلف دستاویزی فلموں اور پروموز دکھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس ایئر شو کی خاص بات یہ ہے کہ رائل ایئر شو میں دنیا بھر کی فضائی افواج حصہ لیتی ہیں۔ سماء