جتنے صوبے زیادہ ہونگے، ملک اتنی ترقی کرے گا، عمران خان
اسٹاف رپورٹر
ہری پور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میںجمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم کردی گئی ہے۔ عوام نیا نظام چاہتے ہیں ۔تبدیلی کو اب کوئی نہیں روک سکے گا۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ان دونوں اپنی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے مختلف شہروں میں جلسے کرکے عوام سے رابطے کررہے ہیں اور کہتے ہیں ملک میں تبدیلی کا سونامی اب کوئی نہیں روک سکتا۔ عمران خان نے ہری پورمیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی زندگی آسان اوراختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا چاہتی ہے۔
اس سے پہلے عمران خان نے حس ابدال میں بھی جلسے سے خطاب کیا اور کہا کہ کراچی میں پچیس دسمبر کو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا اور تمام قومیتیں متحد ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو اردو بولنا نہیں آتی لیکن بادشاہت کے نظام کے تحت وہ بھی اقتدارمیں ہوگا۔ ملک میں جمہوریت کے نام پربادشاہت قائم کردی گئی ہے مگرعوام نیا نظام چاہتے ہیں۔ پوری قوم تبدیلی چاہتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں جتنے زیادہ صوبے ہوں گے ملک اتنی ہی ترقی کرے گا۔ حقیقی جمہوریت عوام کو آزاد کرتی ہے، انسان آزاد نہ ہوں توجمہوریت آزاد نہیں ہوتی۔