اچکزئی کے بیان نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا، کے پی حکومت کا شدید ردعمل

پشاور : افغان باشندے پاکستان میں مالک بن کر نہیں رہ سکتے، محمود اچکزئی کے بیان کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مسترد کردیا، مشتاق غنی کہتے ہیں محمود اچکزئی کو افغانوں سے زیادہ ہمدردی ہے تو وہیں چلے جائیں۔
محمود اچکزئی کا بیان یا افغانستان کی زبان، خیبرپختونخوا حکومت نے شدید رد عمل کا اظہار کردیا، وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بیان کی نا صرف مذمت کی بلکہ اسے پاکستانیوں کیلئے شرمناک قرار دیدیا۔
ادھر وزیر اطلاعات کے پی کے مشتاق غنی نے بھی واضح لکیر کھینچ دی، بولے کہ پاکستان پاکستانیوں کا ہے، افغانوں کا نہیں۔ اچکزئی کو دو ٹوک پیغام بھی دیدیا۔
بیان پر برہم مشتاق غنی نے سینئر سیاستدان کو مفید مشورہ بھی دیا، بولے کہ اچکزئی صاحب کو زیادہ ہی ہمدری ہے تو خود بھی افغانستان چلے جائیں اور اپنے خاندان کے اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کو بھی ساتھ لے جائیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا تھا کہ کوئی محب وطن ایسا بیان نہیں دے سکتا، قومی سلامتی کے ادارے اچکزئی کے بیان کا فوری نوٹس لیں۔ سماء