کوئٹہ میں ایف سی کی گشتی ٹیم پر حملہ، 4 اہلکار شہید، ایک زخمی

FC QTA

کوئٹہ : کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 ایف سی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا، دو روز کے دوران حملوں میں 8 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں، واقعات پر وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری نے مذمت کا اظہار کیا ہے۔

کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر نامعلوم افراد نے معمول کے گشت پر مامور ایف سی اہلکاروں پر حملہ کردیا، فائرنگ کے واقعے میں 4 اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔

شہید ایف سی اہلکاروں کی لاشیں اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی اہلکار کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

نمائندہ سماء نیوز کے مطابق ملزمان نے ایف سی اہلکاروں کو سر اور سینے پر گولیاں ماریں، واقعے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ میں ایف سی پر حملے کی مذمت کی اور 4 اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا، ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات دہشت گردوں کی کمزوری اور ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں، دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نوابزادہ ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ میں ایف سی پر حملے اور اہلکاروں کی شہادت پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حملہ آور خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نامعلوم ملزمان نے دو مختلف واقعات میں 4 پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا تھا، جبکہ گزشتہ جمعہ کو بم دھماکے میں بھی 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ سماء

4 killed

Attack on FC

Tabool ads will show in this div