اسٹیٹ بینک؛ نئےکرنسی نوٹ والی سروس،عوام کی پذیرائی
کراچی: عید الفطر کے موقع پر عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے لیے اسٹیٹ بینک کی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ذریعے ایس ایم ایس سروس دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ یہ سروس 2 رمضان 2016ءسے دوبارہ شروع کی گئی ہے ۔ نئے نوٹ جاری کرنے والی سروس کا کوڈ 8877ہے۔
یہ سروس ملک بھر میں نامزد کردہ بینکوں کی 500 ای برانچز کے علاوہ بینک کے 16 فیلڈ دفاتر میں بھی مہیا کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اب تک تقریباً 13 لاکھ افراد نے بکنگ کوڈ حاصل کیے ہیں جس میں سے 55 فیصد کومذکورہ بالا برانچز سے نئے کرنسی نوٹ دئے گئے ہیں۔ اس سروس پر عوام نے ایک مرتبہ پھر بھرپور ردعمل ظاہر کیا ہے جس کے نتیجے میں کئی ای برانچز بکنگ کی حد کو توقع سے پہلے ہی چھو چکے تھے۔ تاہم مزید افراد کو سہولت دینے کے لیے ان ہی برانچوں کی زیادہ زیادہ حد کو بڑھا دیا گیاہے۔
اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ وہ افراد جنہیں بکنگ کوڈ جاری کیے جا چکے ہیں وہ عید الفطر 2016ء سے قبل بقیہ کام کے دنوں میں نئے نوٹ حاصل کر لیں، اس سہولت کو 25 جون 2016ء بروز ہفتہ رات بارہ بجے سے بند کیا جا رہا ہے اور اس کے بعد کوئی بکنگ کوڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔ عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ 8877 پر ایس ایم ایس بھیجنے سے گریز کریں ۔ سماء