چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کراچی سے اغوا
کراچی: سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کو اغوا کرلیا گیا ہے، جبکہ بازیابی کےلئے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کو کراچی کے علاقے کلفٹن سے اغوا کیا گیا۔ اویس شاہ کل دوپہر دو بجے گھر سے نکلے تھے اور افطار کے بعد کلفٹن کے شاپنگ سینٹر پر خریداری کی۔
عینی شاہدین کے مطابق جسٹس سجاد کے صاحبزادے کو پولیس وردی میں ملبوس افراد ساتھ لے کر گئے۔
آئی جی سندھ نے جسٹس سجاد شاہ کے گھر کا دورہ کیا اور معلومات اکھٹی کیں، جبکہ وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام بڑوں کو وزیراعلیٰ ہاؤس بلایا جس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، وزیرداخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزيراعليٰ سندھ اور گورنر ڈاکٹرعشرت العباد نے پورے شہر کي ناکابندی کروا کر فوری بازیابی کی ہدایت کی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس افسران کی بھاری نفری سپر اسٹور پہنچی جہاں پولیس نے سفید مشتبہ کار کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی۔ جبکہ فرانزک ٹیموں نے گاڑی سے فنگر پرنٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ سماء