بوکوحرام نے سوگ منانے والے 24 افراد کوہلاک کردیا

Jun 18, 2016

boko haram

ابوجا: بوکوحرام کے موٹر سائیکل سوار جنگجوﺅں نے سوگ منانے والے ہجوم پرفائرنگ کرکے 24افراد کو ہلاک کردیا۔

نائیجیریا کے شمال مشرقی میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجوؤں نے سوگ منانے والے ہجوم پراندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے 24 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی حکومت کے چیئرمین مائینا اولارمو نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں سوارحملہ آوروں نے ہجوم پر فائرنگ کردی جس سے  بیشتر خواتین سمیت 24 افراد ہلاک ہوئے۔ حملہ آوروں نے اس کے بعد خوراک لوٹ کر گھروں کو آگ لگا دی۔

انہوں نے بتایا کہ گولاک میں ہر جانب بوکو حرام کے جنگجو موجود ہیں لیکن یہ کارروائی کرنے والوں کا تعلق ایک قریبی گاؤں سے ہے اور وہ بیشتر خوراک کیلئے حملہ کرتے ہیں۔

مائینا اولارمو کے مطابق بوکو حرام کے حملوں کی وجہ سے علاقے سے ہجرت کر جانے والے ہمارے بہت سے واپس لوٹ رہے ہیں کیونکہ وہ کیمپوں میں نہیں رہ سکتے۔ہلاک ہونے والے مقامی افراد ریاست اڈماوا کے ایک گاؤں میں مقامی رہنما کے انتقال پرسوگ منانے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے۔

ریاست کی پولیس کے ترجمان اوتھمان ابو بکر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تعداد 18 بتائی اور دیگر افراد کو زخمی قرار دیا۔

یاد رہے کہ 2009 سے نائیجیریا میں شروع ہونے والی شورش میں اب تک 20 ہزار افراد ہلاک  ہو چکے ہیں جبکہ  26 لاکھ  نے نقل مکانی کی۔ بوکو حرام نامی شدت پسند تنظیم مختلف ریاستوں کی حکومتوں کے خلاف مسلح کارروائیاں کرنے کے علاوہ  نائیجیریا کے ایک اسکول سے 200 سے زائد طالبات کے اغوا میں بھی ملوث ہے۔ سماء/اے ایف پی

Tabool ads will show in this div