ایم کیو ایم کا اقدام نئے صوبوں کی جانب پہلا قدم ہے، رانا ثنااللہ
اسٹاف رپورٹر
لاہورـ ایم کیو ایم نے جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبے بنانے کے لئے بل کا مسودہ سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیا۔
رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کے قیام میں اسے پہلا قدم قرار دیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ نے نئے صوبوں کا مطالبہ کر کے ایک بار پھر سیاست میں ہلچل مچا دی ہے ۔۔ ایم کیو ایم نے جنوبی پنجاب اور ہزارہ ڈویژن کو صوبہ بنانے کے لئے بیسویں آئینی ترمیم کے بل کا مسودہ سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیا ہے۔ متحدہ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بل ميں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہزارہ اور جنوبي پنجاب کو علحيدہ صوبہ بنانے کے لئے آئینی ترميم کي جائے۔
ادھر پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے اس اقدام کو نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پہلا قدم قرار دیا ۔۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرا قدم سندھ کی تقسیم ہو گا۔۔ مسلم لیگ ن انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے حق میں ہے۔ لسانی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام نہیں چاہتے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صوبے نئے بنیں یا پرانے رہیں عوام کے مسائل کو ترجیح بنیاد پر حل کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اقدامات کرنا چاہئیں۔