حکومت کی نئی مردم شماری کیلئے سینیٹ کو یقین دہانی

Jun 14, 2016

Senate

اسلام آباد : ملک میں نئی مردم شماری نومبر 2016ء یا مارچ 2017ء میں کرائی جائے گی، حکومت نے سینیٹ کو یقین دہانی کرا دی۔

سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر زاہد حامد نے توجہ دلاؤ نوٹس پر بتایا کہ مارچ 2016ء میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ ہوا تھا مگر مطلوبہ سیکیورٹی اہلکار دستیاب نہ ہونے پر معاملہ التواء کا شکار ہوا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مردم شماری کیلئے ساڑھے 3 لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، پاک فوج نے اتنی بڑی تعداد میں اہلکار فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ نئی مردم شماری نومبر 2016ء یا مارچ 2017ء میں کرائی جائے گی۔

پانامہ لیکس پر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اس میں حاضر سروس جج کا نام بھی آیا ہے، وزیراعظم کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ ہوتا ہے، ججوں اور بیوروکریٹس کیخلاف کیوں نہیں؟۔ اس پر چیئرمین سینیٹ بولے وہ لوگ مقدس گائے ہیں سمجھا کریں۔

فیصل آباد بورڈ میں میٹرک سرٹیفکیٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تصویر لگانے کا معاملہ بھی سینیٹ میں زیر بحث آیا۔ چیئرمین نے اس اقدام پر حیرت کا اظہار کیا اور حکومت سے رپورٹ طلب کرلی، سینیٹ کا اجلاس بدھ دن 11 بجے پھر ہوگا۔ اے پی پی

PTI

SENATE

law minister

Panama leaks

panama papers