نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت، مشیر خارجہ کے آسٹریا اور ترکی سے رابطے
اسلام آباد: مشیر خارجہ نے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کی حمایت کیلئے ترکی اور آسٹریا کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا، ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر لحاظ سے نیو کلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کے معیار پر پورا اترتا ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے نیو کلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کی حمایت کیلئے عالمی سطح پر جاری سفارتی کوششوں کے سلسلے میں آسٹریا کے وزیر خارجہ سبسٹائن کورز اور ترکی کے وزیر خارجہ مولوت کیوس اوگلو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشیر خارجہ نے آسٹریا اور ترکی کے وزرائے خارجہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر لحاظ سے نیو کلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور نان این پی ٹی ملکوں کو غیر امتیازی بنیادوں پر این ایس جی رکنیت دینے کی اہمیت ہر زور دیا۔
ترک اور آسٹریا کے وزرائے خارجہ نے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کے حصول میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ اے پی پی