کراچی میں مسجد کی چھت گرنے سے 6 نمازی شہید
کراچی: ناظم آباد کے علاقے میں مسجد کی چھت گرنے سے کم از کم 6 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب مسجد عثمان غنی کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے کم از کم 6 نمازی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔ واقعہ جمعے کی نماز کے دوران پیش آیا۔ مسجد کی یہ چھت ٹین کی چادروں سے بنائی گئی تھی جس کے اوپر چند اینٹیں رکھی ہوئی تھیں جبکہ اسکے اندر پنکھے بھی نسب تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں شہید اور زخمی افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شہداء میں عبدالرافع، محمد سلیم، ہمایوں، فیصل یعقوب اور حاجی اختر شامل ہیں۔
سماء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیربلدیات جام خان شورو کہا کہنا تھا کہ مسجد زیر تعمیر تھی اور اب تک 8 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کہتے ہیں کہ ابتک 4 لاشیں عباسی شہید اسپتال لائی گئی ہیں، جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔
عینی شاہد کے مطابق حادثے کے وقت مسجد میں 500 سے 600 افراد موجود تھے، جوکہ جمعہ کی نماز کےلئے مسجد میں آئے تھے۔
صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں مسجد کی چھت گرنے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا اور وقعے میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی۔ سماء