الطاف حسین نے اپنا اور ٹی وی چینلز کا وقت ضائع کیا: ذوالفقار مرزا
اسٹاف رپورٹر
بدین/کراچی: ایم کیوایم کے قائد کی نیوز کانفرنس کے جواب میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے اپنا اور ٹی وی چینلز کا وقت ضائع کیا ہے۔ مرزا کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کی تردید کیلئے گورنر سندھ کے سر پر قرآن رکھ کر پوچھا جائے۔
ایم کیو ایم کے قائد کی طویل نیوز کانفرنس کے بعد، سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مزرا نے بدین میں اپنی رہائش سے سماء سے براہ راست گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین طویل نیوز کانفرنس میں ان الزامات کا جواب نہیں دے سکے ہیں جو انہوں نے اپنی اٹھائیس اگست کی نیوز کانفرنس میں عائد کیئے تھے۔
ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ قرآن مجید تو الطاف حسین نے بھی سر پر اٹھا رکھا تھا، تو پھر انہوں نے یہ کیوں نہیں کہا کہ ذوالفقار مرزا کے الزامات جھوٹے ہیں۔
پاکستان توڑنے کی سازش کے بارے میں الطاف حسین سے منسوب بیان کو دہراتے ہوئے ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اگر سر پر قرآن رکھ کر یہ کہہ دیں کہ ملاقات کے دوران انہیں باہر نکلنے کو نہیں کہا گیا تو خود کو جھوٹا ماننے کو تیار ہیں۔ سماء