عاقب جاوید نے بنگلہ دیش کا باﺅلنگ کوچ بننے سے انکار کردیا
اسلام آباد: پاکستانی ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ باﺅلر عاقب جاوید نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کا باﺅلنگ کوچ بننے کی پیشکش ٹھکرا دی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے 5 جون کو کہا تھا کہ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ کیلئے ہماری عاقب جاوید سے بات چیت جاری ہے اور اب ہمیں ان کے جواب کا انتظار ہے۔
بی سی بی صدر کے بیان کے ایک روز بعد ہی عاقب کا رد عمل سامنے آیا اور انہوں نے بی سی بی کی پیشکش ٹھکرا دی اور کہا کہ اس وقت پاکستان سپر لیگ فرنچائز لاہور قلندر کے ساتھ ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز کی ذمہ داری جاری رکھنا چاہتے ہیں، میں نے گزشتہ ہفتے ہی چارج سنبھالا تھا اسلئے میرے لئے بنگلہ دیشی ٹیم کی کوچنگ کرنا ممکن نہیں۔
بی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر نظام الدین چوہدری نے عاقب جاوید کے انکار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دوسرے امیدواروں سے رابطہ شروع کر دیا ہے۔ سماء/اے پی پی