سال 17-2016 کے قومی ترقیاتی بجٹ کیلئے 1675ارب روپے مختص

Budget-Ijlas-Ishaq-Dar-Speech-Parliament-03-06-1

اسلام آباد: آئندہ مالی سال 17-2016 کے قومی ترقیاتی پروگرام کا حجم 16 کھرب 75 ارب روپے ہوگا جس میں وفاق کا حصہ 8 کھرب روپے اور صوبوں کا حصہ 8 کھرب 75 ارب روپے ہوگا۔ ترقیاتی پروگرام میں ایک کھرب 43 ارب روپے کی غیرملکی امداد بھی شامل ہے۔

آئندہ مالی سال 17-2016 کے قومی ترقیاتی پروگرام وژن 2025 میں متعین کئے گئے طویل المدتی مقاصد اور پائیدار ترقیاتی اہداف کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔ قومی اقتصادی کونسل نے 30 مئی 2016 کو قومی ترقیاتی پروگرام برائے 17-2016 کی منظوری دی تھی۔ قومی ترقیاتی پروگرام میں سی پیک کے تحت منصوبوں کو بھی ترجیح دی گئی ہے تاکہ یہ منصوبے بر وقت مکمل ہوں اور ان کے فائدے عام لوگوں تک پہنچیں اور پاکستان تجارت اور ترقی کا علاقائی مرکز بن جائے۔

پی ایس ڈی پی میں منصوبوں کی تکمیل پر خصوصی زور دیا گیا ہے اور 96 فیصد فنڈز جاری منصوبوں کےلئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ رواں مالی سال سے نتائج پر مبنی بجٹ حکمت عملی اختیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کےلئے براجیکٹ مانیٹرنگ سسٹم کو مضبوط بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں؛ وفاقی بجٹ پیش، توانائی، تعلیم اور زرعی شعبوں کیلئے خصوصی پیکیج

آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں سب سے زیادہ ترجیح بجلی کے شعبہ کو دی گئی ہے تاکہ بجلی کی پیداوار اور تقسیم کے زیادہ سے زیادہ منصوبوں کو مکمل کرکے ملک کو لوڈ شیڈنگ سے جلد از جلد نجات دلائی جا سکے۔ قومی ترقیاتی پروگرام میں دوسری ترجیح ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے شعبہ کو دی گئی ہے جبکہ صحت، تعلیم اور اعلیٰ تعلیم دیگر ترجیح شعبے ہیں۔

علاوہ ازیں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے قومی گرین پاکستان پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ دیگر نئے اقدامات میں وزیراعظم کا یوتھ اور ہنر مند پروگرام اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ فنڈ کا قیام شامل ہے جبکہ نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی آباد کاری کےلئے بھی وافر فنڈز کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔

آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے مطابق بجلی کے منصوبوں کے سلسلے میں واپڈا (پاور) کےلئے ایک کھرب 30 ارب روپے جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کےلئے ایک کھرب 88 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پاک پائیدار ترقیاتی اہداف اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کےلئے 20 ارب روپے، اسپیشل فیڈرل ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 28 ارب روپے، ایرا کیلئے 7 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

 اسی طرح عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد (ٹی ڈی پیز) کے خصوصی ترقیاتی پروگرام اور سیکورٹی بڑھانے کیلئے ایک کھرب روپے جبکہ وزیراعظم کے یوتھ اور ہنر مند پروگرام کیلئے 20 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ فنڈ کےلئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ہوا بازی ڈویژن کےلئے 4 ارب 69 کروڑ 52 لاکھ روپے، کابینہ ڈویژن کےلئے 36 کروڑ 93 لاکھ روپے، کیپیٹل ایڈمنسٹریشن و ڈویلپمنٹ ڈویژن کےلئے 2 ارب 56کروڑ 22 لاکھ روپے، موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کےلئے ایک ارب 2 کروڑ 70 لاکھ روپے، تجارت ڈویژن کےلئے 79 کروڑ 68 لاکھ روپے، موصلاات ڈویژن (ماسوائے این ایچ اے ) کےلئے 5 ارب 28 کروڑ52 لاکھ روپے، دفاع ڈویژن کےلئے 2 ارب 52کروڑ 66 لاکھ روپے، دفاعی پیداوار ڈویژن کےلئے 2 ارب 30 کروڑ روپے، جبکہ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈویژن کےلئے 2 ارب 22کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

اسکے علاوہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کےلئے 13 کروڑ 65 لاکھ روپے، فنانس ڈویژن کےلئے 9 ارب 20 کروڑ 19 لاکھ روپے، پورٹس اینڈ شپنگ ڈویژن کےلئے 12 ارب 82 کروڑ 51 لاکھ روپے، امور خارجہ ڈویژن کےلئے 50کروڑ روپے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کےلئے 21 ارب 48 کروڑ 64 لاکھ روپے، ہاﺅسنگ و تعمیرات ڈویژن کےلئے 6 ارب 55 کروڑ 41 لاکھ روپے، صنعت و پیداوار ڈویژن کےلئے 90 کروڑ 95 لاکھ روپے، اطلاعات ونشریات ڈویژن کےلئے 33 کروڑ 54 لاکھ روپے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلیکام ڈویژن کےلئے ایک ارب 10 کروڑ 92 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کےلئے 64 کروڑ 49 لاکھ روپے، داخلہ ڈویژن کےلئے 11 ارب 55کروڑ 40 لاکھ روپے، امور کشمیر و گلگت بلتستان کےلئے 25 ارب 75 کروڑ روپے، قانون و انصاف ڈویژن کےلئے ایک ارب 50کروڑ روپے، انسداد منشیات ڈویژن کےلئے 21 کروڑ 84 لاکھ روپے، نیشنل فوڈ سیکیورٹی و ریسرچ ڈویژن کےلئے ایک ارب 52 کروڑ روپے، نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن ڈویژن کےلئے 24 ارب 95کروڑ 11 لاکھ روپے، قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کےلئے 6 کروڑ 71 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کےلئے 27 ارب 56 کروڑ  روپے، پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کےلئے 27کروڑ 10 لاکھ روپے، پٹرولیم و قدرتی وسائل ڈویژن کےلئے 58کروڑ 74 لاکھ روپے، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ڈویژن کےلئے 11 ارب 99 کروڑ 78 لاکھ روپے، ریلوے ڈویژن کےلئے 41 ارب روپے، ریونیو ڈویژن کےلئے 68 کروڑ 73 لاکھ روپے، سائنس و ٹیکنالوجی ریسرچ ڈویژن کےلئے ایک ارب 77 کروڑ68 لاکھ روپے، ریاستیں و سرحدی علاقہ جات ڈویژن کےلئے 22 ارب 30 کروڑ روپے اور شماریات ڈویژن کےلئے 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈویژن کیلئے 3 کروڑ 43 لاکھ روپے، سپارکو کےلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے، ٹیکسٹائل انڈسٹری ڈویژن کےلئے 15 کروڑ روپے اور وزارت پانی وبجلی (واٹر سیکٹر) کےلئے31 ارب 71 کروڑ 63 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

اس طرح 40 مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کےلئے مجموعی طور پر 2کھرب 82 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مالی سال 17-2016 کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں صوبوں کیلئے 8 کھرب 75 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز تجویز کئے گئے ہیں جس میں 86 ارب 5 کروڑ 20 لاکھ روپے کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہے۔ سماء/اے پی پی

finance minister

psdp

budget 16

Fiscal Year 2017

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div