لیجنڈ بولر وسیم اکرم کی سالگرہ ٹوئٹر کا ٹاپ ٹرینڈ

کراچی: لیجنڈ بولر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم آج اپنی پچاسویں سالگرہ منا رہے ہیں، چاہنے والوں کی دعاؤں نے اس دن کو ٹوئٹر پر بھی یاد گار بنا ڈالا، جب وسیم اکرم کا ٹرینڈ دن کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، اس موقع پر اہلیہ شنیرا بھی پیش پیش رہیں۔
کوئی دھماکا ہو یا کھیل کا ایونٹ، کسی کو متنازعہ بنانا ہو یا تنقید، مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے صارف کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ جہاں ٹوئٹر خبروں کو شیئر کرنے کیلئے بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے وہیں سالگرہ پر اپنے عزیز و اقارب اور معروف شخصیات کو بھی سالگرہ اور دیگر خاص دمواقع پر مبارک باد کے پیغامات کیلئے بھی انتہائی موثر ہتھیار سمجھا جاتا ہے۔
اور ایسا ہی کچھ ہواآج یعنی تین جون کو ،جب لیفٹ آرم لیجنڈ بولر وسیم اکرم کی سالگرہ کا دن آیا، تو دنیا بھر کے مداح ٹوئٹر پر امڈ آئے اور اپنے ہیرو کو پیار بھرے الفاظ میں مبارک باد پیش کی۔
کسی نے وسیم اکرم کو وش کرنا دنیا کا سب سے بڑا اعزاز سمجھا تو کسی نے یہ دن زندگی کا اہم دن قرار دیا، کسی نے سوئنگ کے سلطان کا کیپشن ڈال کر ٹوئٹر کے ایموٹک سے اپنے جذبات کا اظہار کیا تو کسی نے صرف دو الفاظ میں اپنے ہیرو تک اپنا پیغام پہنچایا، کچھ مداحوں نے تو وسیم اکرم کو دنیا کا بہترین بولر بھی قرار دے دیا۔
وسیم کی زندگی پر مختصر نظر:
لیجنڈ کرکٹر اور سابق قومی کپتان 3 جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے قومی ٹیم کی جانب سے نومبر 1984 میں نیوزی لینڈ کیخلاف ڈیبیو کیا۔ اپنے طویل کیریر میں 414 ٹیسٹ وکٹیں جبکہ ایک روزہ میچز میں 502 وکٹیں حاصل کیں ۔ وہ پاکستان کی جانب سے 500 وکٹیں لینے والے پہلے بولر ہیں ۔ 1992 کے عالمی کپ میں وسیم اکرم کی شاندار پرفارمنس کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، کرکٹ کو خیر آباد کہنے کے بعد وسیم اکرم نے کمنٹری کے میدان میں بھی اپنے آپ کو منوالیا ہے۔
مداحوں کے لاکھوں پیغامات سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ لیجنڈ بولر صرف پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں مشہور ہیں، خاص کر آسٹریلیا میں، سمجھ تو گئے ہونگے آپ۔ سماء